اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انکوائری رپورٹ نے ثابت کردیا کہ ڈسکہ کا انتخاب شفاف نہیں تھا ‘ ووٹ چوری کی منصوبہ بندی میں پی ٹی آئی کے لوگ شامل تھے۔ ڈسکہ ضمنی انتخاب انکوائری رپورٹ کے تناظر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں افسران کے نام شامل ہیں‘ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کے گھر پر باقاعدہ ایک میٹنگ ہوئی جس میں پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ شریک تھے اس وقت کی وزیراعلیٰ پنجاب کی ایک خاتون اسپیشل اسسٹنٹ بھی وہاں پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے نااہل ترین لوگ اقتدار میں ہے‘ ڈسکہ ضمنی الیکشن کے دوران پولیس حفاظت کرنے کے بجائے انتخابی عملے کو اغوا کر رہی تھی ‘ شفاف الیکشن کرانا اور دھاندلی روکنا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے‘ امید ہے انکوائری رپورٹ کو الیکشن کمیشن منظر عام پر لائے گا تاکہ عوام دیکھ سکیں کہ ہمارے ملک میں الیکشن میں کیا کچھ ہوتا ہے‘ الیکشن کون چوری کرتا اور کیسے کرتا ہے۔ ہمیں امید ہے الیکشن کمیشن ذمے داران کو عبرت ناک سزائیں دے گا‘ عدلیہ سے بھی امید ہے کہ وہ آئین کی اس خلاف ورزی پر آنکھیں بند نہیں کرے گی اور ایسی کارروائی کرے گی کہ پاکستان میں آئندہ الیکشن چوری کرنے کی کسی میں ہمت نہیں ہو۔