ووٹ چوری ثابت ہوچکی،وزیراعظم کے استعفے میں کیا رکاوٹ ہے،شہباز شریف

139

لاہور (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے رپورٹ کے آنے کے بعد استعفا دیں اور قانون کا سامنا کریں۔ ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ چھننے کی کوشش ہو رہی ہے‘ ڈسکہ رپورٹ آگئی اور ووٹ چوری ثابت ہوچکی ہے‘ عمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے‘ اب ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لیے بڑا دل گردہ چاہیے‘ اگر عمران نیازی طاقتور ہیں تو خود کو قانون کے نیچے لائیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ڈسکہ میں ووٹ چوری پکڑے جانے کے بعد عمران خان نیازی کو سیاہ انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی ضرورت پڑی ہے لیکن ہم انتخابی اصلاحات اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے عوام اور آئین کے خلاف سازش کا بھرپور مقابلہ کریں گے‘ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر عوام کو غلام بنانے کا موجودہ حکومت کا سیاہ منصوبہ ناکام بنائیں گے‘ یہ بھیانک سازش بھی اس سیاہ مزاج حکومت اور اس کے سیاہ ناموں کے ساتھ ہی تاریخ میں دفن ہوگی۔