پنجاب حکومت ڈینگی کی روک تھام میں ناکام ہوگئی ‘حمزہ شہباز

155

لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نااہلی کے سبب ڈینگی پنجاب تباہی پھیلا رہا ہے، جہاں اب بھی روزانہ سیکڑوں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، لوگ اپنے پیاروں کو کھو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں رواں برس کیسز18ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں، صرف لاہور سے13 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے،68 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ پیناڈول کی گولی مارکیٹ سے غائب ہے اور دیگر ادویات کی بھی قلت ہے،10 روپے میں ملنے والی دوا اب30 روپے میں بھی نہیں مل رہی۔ قیامت خیز مہنگائی میں ادویات کی قیمتوں میں بھی 500 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، ڈینگی میں استعمال ہونے والی بلڈ ٹرانسفیوژن کٹس بھی نایاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بھی ریمارکس دے چکا ہے کہ پنجاب حکومت ڈینگی وائرس کی روک تھام کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ڈینگی اسپرے نہ ہونے کے باعث لاروے کو پنپنے کا موقعہ ملا، یہاں تو اسپرے والی گاڑیاں ڈھانچہ بن کر ٹائون ہال میں کھڑی ہیں۔ ڈینگی کے لیے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔