آئی جی کا شیخوپورہ‘ پاکپتن میں بچے سمیت 4 افراد کی ہلاکت کا نوٹس

101

لاہور (اے پی پی) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس رائو سردار علی خان نے شیخوپورہ اور پاکپتن میں فائرنگ سے بچے سمیت 4 افراد کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی ہے، مزید برآں آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں ہوائی فائرنگ، ناجائز اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش کے خلاف کریک ڈائون کے احکامات دیتے ہوئے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ کارروائیوں کی خود نگرانی کریں اور ایکشن کو یقینی بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے بچے کی ہلاکت کے واقعے پر آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور آئی جی پنجاب نے مقتول بچے کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ گرفتار ملزم کیخلاف سخت قانونی کارروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ دوسری جانب آئی جی پنجاب نے پاکپتن میں 2 گروپوں میں فائرنگ سے 3 افراد کی ہلاکت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔