چینی مافیا کو رواں سیزن 300ارب روپے کا فائدہ

227

اسلام آباد/پشاور(آن لائن+صباح نیوز) ملک بھر میں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر رواں سیزن میں چینی مافیا کو 300ارب روپے کا فائدہ ہوا ہے ،حکومتی ادارے،چینی کمیشن رپورٹ، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی کارگردگی پر سوالیہ نشان ہے، معلومات کے مطابق چینی کی قیمت 85روپے طے ہوئی تھی اور اب تک کبھی بھی چینی مذکورہ قیمت پر فروخت نہیں ہوئی ،اور ہمیشہ مافیا اربوں روپے کمانے کے چکر میں رہا ہے۔ چینی کمیشن رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ایک ماہ میں 85لاکھ ٹن چینی استعمال ہوتی ہے اور اس پر ایک روپیہ بھی اضافہ ہو تو ملز مالکان کو ایک ماہ میں 5ارب روپے کا فائدہ ہوتا ہے ۔دوسری جانب پشاور میں چینی 175روپے کلو میں فروخت ہونے لگی ۔ تاجروں نے کہا کہ چینی کے پرچون اور ہول سیل میں فی کلو 200روپے تک پہنچنے کے خدشات ہیں۔ادھر جڑواں شہروںمیں آٹا بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ہے ،گندم کا اسٹاک 3دن کا رہ گیا۔دوسری جانب پیٹرول کی بے لگام قیمتوں کے سامنے پبلک ٹرانسپورٹ سمیت دیگر چارجز بھی بڑھ چکے ہیں اور عام شہری نومبر سے جنوری تک پھر لائنوں میں آٹا خریدنے پر مجبور ہو سکتا ہے ۔