پنڈورا پیپرز: جماعت اسلامی نے تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

698

اسلام آباد: جماعت اسلامی نے پنڈورا لیکس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جماعت اسلامی نے پنڈورا لیکس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، درخواست امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دائر کی، جس میں عدالت سے جوڈیشل تحقیقات کی استدعا کی گئی ہے۔ سراج الحق نے پاناما لیکس پیٹیشن میں ہی متفرق درخواست دائر کی۔ انہوں نے درخواست میں استدعا کی ملک کی دولت لوٹنے والوں کا احتساب کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پنڈورا پیپرز میں بڑے بڑے پاکستانی شہریوں کے نام سامنے آئے، پنڈورا پیپرز پاناما لیکس کا تسلسل ہے، پنڈورا پیپرز پر حکومت نے تحقیقات کا عمل شروع کیا لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی، پاناما لیکس کی درخواست پہلے سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے عدالت پانامہ کے ساتھ پینڈورا پیپرز کی بھی تحقیقات کرائے۔

اس موقع پر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کی، پنڈورا پیپر سامنے آنے کے بعد وفاقی حکومت کو فوری سپریم کورٹ آنا چاہیے تھا، لیکن حکومت نے پنڈورا پر مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، حکومت نے پنڈورا پیپرز پر بنائے گئے سیل میں تمام سرکاری افسران کو شامل کردیا، 50 دن گزرنے کے بعد بھی حکومتی سیل حرکت میں نہیں آیا، اپوزیشن نے بھی پینڈورا پیپرز کی تحقیقات کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا، اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن دونوں خاموش ہیں۔