پشاور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹروں نے کرایہ بڑھا دیا جبکہ اندرون شہر ٹیکسی و رکشہ ڈرائیوروں نے بھی خودساختہ کرائے بڑھا دیئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹروں نے بھی کرایوں کوبڑھا دیا ہے ۔پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، اپر دیر،لوئر دیر کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی سمیت اندرون شہر چلنے والے مختلف روٹس پر گاڑیوں کے کرایوں میں خودساختہ طور پر اضافہ کیاگیا ہے ۔ٹرانسپورٹروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ کرایوں میں اضافہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھانے کے بعد کیاگیا ہے۔
اضافے کے بعد سب سے زیادہ عام شہری متاثر ہورہے ہیں ۔واضح رہے کہ بین الاضلاعی روٹس پر نان اے سی گاڑیوں کے کرایوں میں تیس روپے جبکہ اے سی گاڑیوں کے کرایوں میں پچاس روپے تک اضافہ کیاگیا ہے ۔اسی طرح بین الصوبائی روٹس پر اے سی اور نان اے سی گاڑیوں کے کرایوں میں 1500سے2000روپے تک اضافہ کیاگیا ہے ۔