لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ آنے کے بعد وزیرا عظم عمران خان استعفیٰ دے کر قانون کا سامنا کریں، الیکشن کمیشن کی ڈسکہ رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی؟ کیا اسے این آر او کہا جائے؟
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر نے کہا کہ حکومت چوری کا مال اور اپنی کھال بچانے کیلئے نیب ترمیمی آرڈیننس لائی، جسے صرف اندھیر نگری چوپٹ راج ہی کہا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تحریک لوٹ مار اور فراڈ بن چکی ہے،آٹے سے چینی اور ایل این جی تک کرپشن ،نااہلی اور لوٹ مار دکھائی دے رہی ہے،حکومت کے مجرمانہ رویے کی قیمت عوام سے وصول کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 30ڈالر سے زائد فی ایم ایم بی ٹی یو کی خریداری ایک اور بڑا اور سنگین اسکینڈل ہے،حکومت تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی خرید کر قوم پر مزید ظلم کررہی ہے۔
ن لیگ کے صدر کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، جھوٹے دعوے کے سوا پی ٹی آئی کے وزرا نے کچھ نہیں کیا۔