امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق آج حیدرآباد پہنچیں گے

141

حیدرآباد+لاہور(نمائندہ جسارت+ اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق آج حیدرآباد پہنچیں گے ،دوپہر2بجے پٹھان کالونی چوک پر ذمے داران و کارکنان استقبال کریں گے۔ اس کے بعد امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سہ پہر 3بجے سٹی اسپورٹس لان بالمقابل اسریٰ یونیورسٹی ہالا ناکہ پر جماعت اسلامی میںسولنگی برادری کے سردار زبیر خان سولنگی کے شمولیتی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ناظم جوکھیو کے بھائی افضل جوکھیو سے ٹیلیفون پر تعزیت کی اور کہا کہ پیپلزپارٹی ایم پی اے کے تشدد سے نوجوان ناظم جوکھیو کی ہلاکت، سندھ کے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ پی ٹی آئی کے گورنر اور پیپلزپارٹی کے وزیراعلیٰ مظلوم لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکے ہیں۔ اس بہیمانہ واقعے میں ملوث بااثر افراد کے خلاف اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی بنائی جائے، جس میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی شامل ہوں۔ سندھ پولیس کی جانبداری سے لواحقین کو انصاف ملنا مشکل ہے۔ جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے سینیٹ، قومی اسمبلی میں بھی آواز اٹھائے گی۔ عدالت عظمیٰ، سندھ ہائی کورٹ اس واقعے کا نوٹس لے کر مظلوم خاندان کو انصاف دلانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔