ہاکی کیمپ: سینئرز نے جونیئرز کو 3-1 سے شکست دے دی

258

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سینیر، جونیئر ہاکی سیریز کا آغاز ہوگیا،سیریز کا افتتاح پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدربرگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر نے کیا۔قومی سینیئر جونیئر ہاکی سیریز کا پہلا میچ پاکستان سینیئر نے پاکستان جونیئرز کو 3-1 گول سے شکست دیکر جیت لیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی جونیئر و سینیئر ہاکی ٹیموں کی انٹرنیشنل ایونٹس کی تیاری کے سلسلہ میں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جانے والی 4 روزہ ہاکی سیریز کا پہلا میچ پاکستان سینیئر ہاکی کیمپ میں شریک کھلاڑہوں نے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو ایک کے مقابلہ میں 3 گول سے شکست دیکر اپنے نام کرلیا۔ قومی سینیئر ہاکی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں اور جونیئر ہاکی ٹیم کے مابین میچ کا آغاز انتہائی برق رفتار کھیل سے ھوا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان جونیئر ٹیم نے بہترین کھیل مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے 9ویں منٹ میں رومان کی مدد سے فیلڈ گول ا سکور کیا جبکہ پاکستان سینیئرز کی جانب سے کھیل کے 18 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر مبشر علی ، 55ویں منٹ میں جنید کمال اور 58ویں منٹ میں جنید منظور نے فیلڈ گول ا سکور کئے۔قومی سینیئر جونیئر افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر کے صدر خالد سجاد کھوکھر تھے معزز مہمان خصوصی کو ٹیموں سے متعارف کرایا گیا اس موقع پر انکے ہمراہ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ، چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر ، ممبران سلیکشن کمیٹی اولمپین ناصر علی، اولمپین خالد حمید، اولمپین ایاز محمود ، اولمپین وسیم فیروز کے علاوہ اولمپین توقیر ڈار، اولمپین علیم رضا، سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کرنل آصف ناز کھوکھر ، ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن رائے عثمان اکبر، انسپکٹر مسعود الرحمن، ایشین ہاکی فیڈریشن کے ایونٹ مینجر زاہد علی خان، پروگرام ڈویلپمنٹ آفیسرغلام غوث بھی موجود تھے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ان میچز کو بوجوہ آف کیمرہ رکھا جارہا ہے تاکہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس، گیم پیٹرن اور کھیل کی ٹیکنیکل منصوبہ بندی کو قبل از وقت منظرعام پر نہ لایا جاسکے۔ سیریز کا دوسرا میچ کل 3 بجے دن نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کھیلا جائیگا۔