مصطفی السرتی 15 ویں نیول چیف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح قرار

268

کراچی (رپورٹ:سید وزیر علی قادری): مصطفی السرتی نے 15ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے اسکواش کے کھیل سے پاک بحریہ کی طویل وابستگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن اسکواش کا 2000 سے باقاعدہ انعقادملک میں اسکواش کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ مہمان خصوصی نے پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن، پاکستان اسکواش فیڈریشن، کھلاڑیوں، اسپانسرز اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کا ایونٹ کے شاندار انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں, چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے چیمپئن شپ کے فاتح اور رنر اپ میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں ان کی محنت اور قابل قدر کامیابی پر مبارکباد دی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ مصر کے مصطفی السرتی اور ہانگ کانگ کیفنگ یپ (Tsz Fung Yip)کے درمیان کھیلا گیا جو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد مصطفی السرتی نے میچ جیت لیا۔اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین اسپانسرز، قومی کھلاڑیوں اورا سپورٹس کمیونٹی کے سینئر کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔