شہباز شریف کا سراج الحق اور محمود اچکزئی سے رابطہ، مہنگائی کیخلاف ردعمل دینے پر اتفاق

354

لاہور (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمدشہباز شریف کا جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق اور پختونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ ، جس میںملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے قائدین سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی اور تجویز دی کہ بدترین مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دیا جائے اور مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے، جس پر قائدین نے اتفاق کیا اور کہا کہ نیا پاکستان مہنگا ترین پاکستان بن چکا ہے، پی ٹی آئی عوام کے لیے پریشانی، تکلیف اور انتقام بن چکی ہے۔ قائدین نے نیب کے کالے قانون کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر چیلنج کرنے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا ۔علاوہ ازیںشہبازشریف نے ٹوئٹر پربیان میں کہا ہے کہ عمران خان استعفا لکھ کر عوام کو فوری ریلیف دیں۔انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، گھی، ادویہ ، بجلی، گیس، پیٹرول، معیشت اور مہنگائی پر بس نہیں چل رہا تو استعفا دینا عمران خان کے بس میں ہے، عمران خان استعفا لکھ کر عوام کو فوری ریلیف دیں، چینی کے بعد پیٹر ول اور اس پر بجلی کی قیمتوں میں ایک اور اضافہ عوام پر مہنگائی کی بمباری ہے، ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی۔