سراج الحق کا افضل جوکھیو کو فون‘ناظم جوکھیو کے قتل پر اظہار افسوس

251

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ناظم جوکھیو کے بھائی افضل جوکھیو سے ٹیلیفون پر تعزیت کی اور کہا کہ پیپلزپارٹی ایم پی اے کے تشدد سے نوجوان ناظم جوکھیو کی ہلاکت، سندھ کے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ پی ٹی آئی کے گورنر اور پیپلزپارٹی کے وزیراعلیٰ مظلوم لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکے ہیں۔ اس بہیمانہ واقعے میں ملوث بااثر افراد کے خلاف اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی بنائی جائے، جس میں رینجرز اور دیگر قانون نافذ
کرنے والے اداروں کے افسران بھی شامل ہوں۔ سندھ پولیس کی جانبداری سے لواحقین کو انصاف ملنا مشکل ہے۔ جماعت اسلامی متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے سینیٹ، قومی اسمبلی میں بھی آواز اٹھائے گی۔ عدالت عظمیٰ، سندھ ہائی کورٹ اس واقعے کا نوٹس لے کر مظلوم خاندان کو انصاف دلانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔