حکومت صبح وشام مہنگائی کا چابک عوام پر برسا رہی ہے، سراج الحق

455

مردان: امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری کے چابک عوام کی پیٹھ پر صبح، دوپہر اورشام برسا رہی ہے، جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ حکومت شفاف انتخابات کے لیے اپوزیشن سے مذاکرات کرے،پی ٹی آئی ، پی پی  اور مسلم لیگ ن میں اتحاد نہیں ہوسکتا، تینوں بڑی جماعتیں اپنی تجوریاں بھرنے میں لگی ہوئیں ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت مزدورکش پالیسیوں پر گامزن ہے، چترال سے کراچی تک عوام بے بسی اور بے چارگی کی تصویر بنے ہوئے ہیں، کوئلہ کی قیمت میں انتہائی اضافہ بھٹہ خشت سے وابستہ مزدوروں کے ساتھ ظلم ہے۔

 سراج الحق نے کہا کہ کوئلہ کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے اس شعبے سے وابستہ لاکھوں مزدور اور محنت کش بے روزگار ہو جائیں گے، حکومت روزگار نہیں دے سکتی تو برسرروزگار افراد کو بے روزگار نہ کرے۔

انہون نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی بھٹہ خشت یونین کی 15نومبر سے ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کوئلہ کی بے انتہا قیمت میں اضافہ واپس لے اور بھٹہ خشت سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کے گھروں کا چولھا اور بچوں کا فوقوں سے نہ مارے۔