کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام پی پی کے متبادل آپشن پر غور کر رہے ہیں‘صوبے میں آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی‘ یہاں گورننس کا فقدان ہے‘ اپوزیشن جماعتوں کو سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی نہ دینا افسوسناک ہے‘ وفاق میں اس سے متعلق آواز اٹھائوں گا‘ سندھ میں کئی سیاسی خاندانوں سے رابطے ہیں‘جلد کئی اہم شخصیات ہمارے ساتھ ہوںگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے دورے اور اپوزیشن چیمبر میں تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ حکومت میں پی ٹی آئی اپوزیشن میں ہے‘ وفاق آپ کی جو مدد کرسکتا ہے، وہ کر رہا ہے‘ سندھ میں سیاسی مواقع موجود ہیں‘کراچی، حیدرآباد شہری آبادی کا بڑا طبقہ پیپلز پارٹی سے ذہنی مطابقت نہیں رکھتا‘ عوام متبادل قیادت کے آپشن پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی اور عمرکوٹ میں استقبال ہوا‘ لوگوں سے انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے‘ ہم نے وفاق میں اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر اپوزیشن کو کمیٹیوں میں حصہ دیا‘ روایت کے مطابق انہیں سہولیات دی ہیں‘ سندھ میںصوبائی حکومت اس روایت کی صریحاً نفی کر رہی ہے‘ جمہوریت کا قاعدہ پڑھانے والے پہلے خود یہ قاعدہ پڑھیں‘میں سندھ کے قائد ایوان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ صوبائی کمیٹیوں میں اپوزیشن کو موقع دیا جائے۔