پشاور (صباح نیوز) مالم جبہ اراضی کیس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر افراد کے خلاف انکوائری بند کر دی گئی۔ جمعرات کو نیب نے احتساب عدالت سے پرویز خٹک اور دیگر کے خلاف انکوائری روکنے کے لیے درخواست کی تھی‘ احتساب عدالت نے انکوائری روکنے کے حوالے سے نیب کی درخواست منظور کرلی‘ عدالت نے مالم جبہ لینڈ لیز معاملے کی انکوائری بند کردی ۔انکوائری وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان، ایم ڈی سیاحت کے خلاف کی جا رہی تھی۔ نیب مالم جبہ میں 275 ایکڑ فارسٹ لینڈ لیز پر دینے اور لیز کی توسیع کے خلاف انکوائری کر رہا تھا جس میں ملزمان پر بے قاعدگی کرنے کے الزامات عاید کیے گئے تھے۔ نیب نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے بھی مالم جبہ میں275 ایکڑ سرکاری زمین لیز پر دینے سے متعلق تفتیش کی تھی۔ اراضی کو لیز دینے کا اشتہار 15سال کے لیے دیا گیا تھا تاہم کنٹریکٹ حاصل کرنے کے بعد لیز کو 32 سال تک کے لیے بڑھا دیا گیا تھا۔