مسائل کے فوری حل کیلیے شفاف الیکشن ناگزیرہیں‘ شاہد خاقان

339

اسلام آباد (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل فوری اور شفاف الیکشن میں ہے،وزیر اعظم کی جانب سے2 خاندانوں پر کرپشن کا الزام لگانے پر ان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے، 3 سال سے احتساب کا عمل جاری ہے، اگر کرپشن ہوتی تو اب تک منظر عام پر آچکی ہوتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے احسن اقبال کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے60 فیصد شہری اپنے اخراجات پورے نہیں کرسکتے،چینی کی قیمت میں اضافہ کرنے والے وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں،وزیراعظم کرپشن کرنے والوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے نیب کے آرڈیننس میں تبدیلی کی۔شاہد خاقان نے کہا کہ چوری شدہ الیکشن ملک کو 180 روپے فی کلو کی چینی اور 80 روپے کا آٹا دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج، عدلیہ، سیاستدان، بیوروکریسی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک ہی مقصد ہونا چاہیے کہ عوام کی تکلیف سے بچائیں اور اپنے معاملات سے نکل جائیں۔اس موقع پر ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا عالمی منڈی سے کوئی تعلق یا تناسب نہیں ہے،2018ء میں عالمی منڈی میں فی بیرل قیمت75ڈالر تھی، 2021 ء اوسط قیمت 77ڈالر رہی یعنی 2 ڈالر کا اضافہ ہوا۔