کراچی (سید وزیر علی قادری)یوتھ ہاکی کلب بلو اور کراچی گلیڈی ایٹر کو انٹر کلب ہاکی چمپئن شپ کے فائنل کا ٹکٹ مل گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل آج کھیلا جائے گا، سیمی فائنلز کے مہمان خصوصی سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر اختر عنایت بھرگڑی اور چلڈرن اسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ثاقب انصاری تھے۔ سیکریٹری اسپورٹس نے فائنل کے فاتح ٹیم اور بہترین کھلاڑی کو اپنی جانب سے کیش ایوارڈ دینے اعلان کیا، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں جاری کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چمپئن شپ کے وائی ایچ سی بلو اور وائی ایچ سی اورنج کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے سمی فائنل کے آغاز سے قبل سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر اختر عنایت بھرگڑی نے صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں و جی ایم پی ایچ ایف ویمنز ونگ سندھ سیدہ شہلا رضا، اولمپیئن سابق کپتان احمد عالم اور میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری کے ہمراہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی، شہلا رضا نے مہمان خاص کو یادگاری شیلڈ اور ایک خوبصورت پورٹریٹ کا تحفہ،اولمپیئن احمد عالم نے کے ایچ اے کا سوینئر کیپ، کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری نے یادگاری شیلڈ جبکہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری و پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر حیدر حسین نے مہمان خاص کو پی ایس ایل کی معروف فرنچائز لاہور قلندر کی ٹی شرٹ کا تحفہ دیا، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر حکومت سندھ اختر عنایت بھرگڑی نے اپنی جانب سے فائنل کے فاتح ٹیم کے لیے 50 ہزار روپے اور بیسٹ پلیئر آف فائنل کے لیے 10 ہزار روپے نقد انعامی رقم کا اعلان کیا، یوتھ ہاکی کلب بلو اور وائی ایچ سی اورنج کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل کے پہلے ہاف کے اختتام پر وائی ایچ سی بلو کو عالیان سلیم کے شاندار گولز کے باعث 0-2 کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں یوتھ ہاکی کلب اورنج نے کھیل میں واپس انے کے لیے مخالف کے گول پوسٹ پر بھر حملے کیے، دفاعی کھلاڑیوں کی بہتر حکمت عملی کے باعث وائی ایچ سی اورنج میچ برابر نہ کرسکی تاہم اختتامی لمحات میں اورنج کے فارورڈ فہیم خان نے گول کرکے خسارہ 1-2 کردیا،فاتح ٹیم کے عالیان سلیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔دوسرا سیمی فائنل میں کراچی گلیڈی ایٹر نے چمپئن شپ کی فیورٹ حنیف خان الیون ایچ سی کو 2-5 سے شکست دیکر چمپئن شپ سے باہر کردیادوسرے سیمی فائنل کے مہمان خاص چلڈرن اسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں کے کھیل کا معیار بہت بہتر تھا تاہم مقابلے میں جیت کسی ایک کی ہوتی ہے۔