خواتین کرکٹ پر پابندی: آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ تاریخی ٹیسٹ میچ ملتوی کردیا

323

سڈنی: خواتین کرکٹ کو سپورٹ نہ کرنے پر آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ ملتوی کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اولین ٹیسٹ 27 نومبر کو ہوبارٹ میں شیڈول تھا، جسے اب کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ملتوی کردیا گیا ہے۔

جاری بیان میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ طالبان کی جانب سے افغانستان میں خواتین کرکٹ پر پابندی لگانے پر بطور احتجاج ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ ٹیسٹ میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ صورتحال واضح ہونے کے بعد اسے ری شیڈول کرنے کا سوچا جائے گا، تاہم کرکٹ آسٹریلیا بگ بیش لیگ میں افغانستان کے کھلاڑیوں کی میزبانی کے منتظر ہیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے افغان طالبان کی جانب سے خواتین کے کھیلوں پر پابندی کے اعلان کے بعد افغانستان کے ساتھ تاریخی ٹیسٹ میچ ملتوی کرنے کی دھمکی دی تھی۔