حکومت سبسڈی ختم کرکے بڑھائی گئی قیمتیں واپس لے، سراج الحق کا مطالبہ

386

لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا  ہے کہ حکومت سبسڈی ختم کرے اور بڑھائی گئی قیمتیں واپس لے، وزیر اعظم کی تقریر عوام کو ایک اور لالی پاپ ہے، پی ٹی آئی نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، لیکن تبدیلی کو رسوا کیا۔

سراج الحق نے کہاکہ  حکومت اور اپوزیشن کے درمیان خاموش این آر او ہو چکا ہے،  پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ہے، وزیر اعظم کا عوام کے لیے ریلیف نہیں تکلیف پیکج ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  نیب کے پر کاٹ دیے گئے ہیں، چینی، گھی، پیٹرول اور اشیائے ضروریہ مہنگی ہونے کے باعث حلال کمانے والا تکلیف میں ہے، ملک کی ترقی کی ضمانت نظام مصطفی میں ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی فرد کی نہیں نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اللہ تعالیٰ کی مکمل اطاعت میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔