تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس میں برنس روڈ کو فوڈ اسٹریٹ قرار دینے کیخلاف درخواست سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دائر کردی گئی۔جمعرات کو برنس روڈ کے رہائشی محمد عمران نے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ 5 جنوری 2021 کو ڈپٹی کمشنر ساﺅتھ نے ایک نوٹفیکشن برنس روڈ کو فوڈ اسٹریٹ کا درج دے دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ساﺅتھ کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹفیکشن غیر قانونی ہے۔ برنس روڈ کو فوڈ اسٹریٹ بنانے کے بعد یہاں سات بجے کے بعد اسے ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند کردیا جاتا ہے۔ برنس روڈ کے اطراف ہزاروں افراد رہائش پذیر ہیں۔ برنس روڈ کے رہائشی رات کو جب اپنے کاموں سے واپس آتے ہیں انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ برنس روڈ شہر کے کمرشل حب میں واقع ہے شام سات بجے بند ہونے سے شہری اذیت کا شکار ہوتے ہیں۔ شام 7 بجے کے بعد برنس روڈ کے دونوں اطراف بڑے بڑے تخت لگا دئیے جاتے ہیں۔ 10، 12 ہوٹلز کو نوازنے کے لئے فوڈ اسٹریٹ کا درجہ دیا گیا ہے۔ برنس روڈ کے ہزاروں رہائشیوں نے متعلقہ حکام کو شکایت کی مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ساﺅتھ کی جانب سے برنس روڈ کو فوڈ اسٹریٹ کا درجہ دینے کا نوٹفیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔