مہنگائی کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد خطاب کی نہیں، استعفیٰ کی ضرورت ہے، شہباز شریف

293

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کا ریلیف پیکج مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نےکہاکہ موجودہ حکومت کے وعدوں اور بجٹ کی طرح نام نہاد ریلیف پیکج بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں، کیا بجٹ دیتے ہوئے نہیں کہا گیا تھا کہ یہ ٹیکس فری بجٹ ہے؟، قوم سے خطاب میں اعتراف کیا گیا کہ پیٹرول مہنگا ہوگا، پیٹرول مزید مہنگا ہوگا، بجلی گیس کی قیمت بڑھے گی تو مہنگائی کیسے نہیں ہوگی؟

شہباز شریف نے کہا کہغلط بیانی کرنے والی حکومت کی کسی بات پر قوم کو اعتماد نہیں، ملک میں چینی کا ذخیرہ 15 روز کا رہ گیا ہے اور یہاں خطاب کا شوق پورا کیا جارہا ہے، مہنگائی کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد خطاب کی نہیں، ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے استعفٰی دینے کی ضرورت ہے، عمران نیازی حکومت اپنی نااہلی، نالائقی ، غلط فیصلوں اور کرپشن چھپا نہیں سکتی ۔

قائد حزب اختلا ف نے کہا کہحکومت کیسے ہوتی ہے، نوازشریف نے دکھایا تھا،جو ؕ عوام کو ریلیف نہیں دے سکتا، وہ حکومت بھی نہیں کرسکتا، ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، یہ حکومت عوام کی گردن پر چھری چلا کر کہتی ہے کہ ریلیف دے رہے ہیں،قوم کو یہ سبق یاد ہوچکا ہے کہ مہنگائی بڑھتی ہے تو وزیراعظم چور ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف سے کیا شرائط طے ہو رہی ہیں، پارلیمنٹ سے کیوں چھپایا جا رہا ہے؟۔