مانچسٹر: قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے جاری بین الاقوامی مہم کے سلسلے میں گذشتہ روز مانچسٹر، برطانیہ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے ان کے سپورٹرز نے احتجاج ریکارڈ کرایا۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر مانچسٹر کی ایک معروف مسجد کے امام عابد خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو یاد دہانی کرائی کہ آپ نے 10 سال پہلے کہا تھا کہ ”ہمارے ملک کی تاریخ میں عافیہ صدیقی کا باب انتہائی شرمناک ہے“۔
انہوں نے مزید کہاکہ اب 10 سال بعدجبکہ آپ اقتدار میں ہیں اور ملک کے وزیراعظم بھی ہیں تو ان سے مطالبہ ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر قائم رہیں، جیسا کہ عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے حال ہی میں کہا تھا کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہمیں کامیابی عطا فرمائے گا اور رسول اللہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص برائی دیکھے تو اسے اپنے ہاتھ سے روکے اور اگر یہ نہ کر سکے تو اپنے الفاظ سے، اور اگر یہ بھی نہ کر سکے تو اپنے دل میں اور یہ ایمان کی سب سے کمزور صورت ہے“۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج برطانیہ ، امریکا، پاکستان اور دیگر کئی ممالک میں لوگوں کا سامنے آنا ایمان کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو زیادہ آزمایا جاتا ہے وہ اللہ کو سب سے زیادہ پیارا ہوتا ہے، کوئی شک نہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کو کڑی آزمائش میں ڈالا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے معاملے میں ہمیں اپنا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے جیسا کہ آج آپ سب عافیہ کی رہائی کیلئے پاکستانی قونصلیٹ کے ذریعے حکومت پاکستان کو اس کی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرارہے ہیں اورنصف رات کو اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے اس کی رہائی کے لیے دعا کرناکیونکہ یہ اس بات کی علامت ہوگی کہ ہم واقعی اس کی مدد کیلئے عملی کوششیں کررہے ہیں۔
احتجاج میں شریک خواتین نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے پرجوش انداز میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر نعرہ لگائے، ڈاکٹر عافیہ پر گذرے واقعات کی ٹائم لائن کا خلاصہ پیش کیا، راہگیروں کو پیدل اور گاڑیوں میں کتابچے تقسیم کرکے بیداری پیدا کی اور قونصلیٹ سے رابطہ کیامگر قونصلیٹ کی طرف سے بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ مانچسٹر میں گزشتہ دو دنوں سے موسلادھار بارش ہونے کی وجہ سے موسم خشک اور انتہائی سرد تھا۔