اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو اسٹریٹیجک شراکت داری میں بدلنے کا خواہشمند ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر مخمودوف سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔دونوں رہنماں نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین پہلے سے موجود دفاعی اور عسکری تعاون کے معاہدوں کو فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،دفاعی و عسکری تعاون، افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات یکساں مذہبی، ثقافتی اور تہذیبی اقدار کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔