پاکستان ویسٹ انڈیز ویمن ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں میزبان ٹیم کی مشکلات اور بڑھ گئیں۔ ذرائع کے مطابق مزید تین کرکٹرز کورونا کا شکار ہوگئیں۔
کوویڈ 19 میں مبتلا پاکستانی کرکٹرز کی تعداد 6 ہوگئی۔ 18 رکنی قومی ویمن اسکواڈ میں سے 12 نے منگل کی صبح نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، سیریز میں پاکستان کی جانب سے متبادل کھلاڑیوں کو آزمائے جانے کا امکان ہے۔ اسٹیفنی ٹیلر کی قیادت میں مہمان ٹیم پیر کراچی پہنچی تھی،ون ڈے انٹرنیشنل ویمن سیریز کے 3 میچزنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
مقابلے بالترتیب آٹھ، گیارہ اور چودہ نومبر کوکھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم تین یوم مقامی ہوٹل میں آئسولیٹ رہے گی، جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کرے گی، اگلے دو یوم 5اور 6 نومبر کوکراچی جمخانہ میں پریکٹس کرے گی۔ 7 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس ہوگی۔
ادھر پی سی بی ذرائع کے مطابق کورونا کا شکار قومی ویمن کرکٹرز 6 نومبر تک آئسو لیشن میں رہیں گی، اگلے روز ان کے کوویڈ ٹیسٹ لیے جائیں گے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی 3 کرکٹرز کے 28 اکتوبر کو کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے تھے۔ مزید تین کھلاڑی معمول کے ٹیسٹ میں کورونا میں مبتلا نکلیں، سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کو 16 نومبر کو زمبابوے روانہ ہونا ہے، 21 نومبرتا 5 دسمبر آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کریں گی۔