نیاز اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے، کمشنر حیدرآباد

409

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر/نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے بر صغیر کے عظیم رہنما اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی پیدائش کے دن کی مناسبت سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد کے تاریخی کرکٹ گرائونڈ نیاز اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ وہ نیاز ا سٹیڈیم میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یکم نومبر سے 9 نومبر جاری رہنے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے باتیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کے انعقاد سے نہ صرف شہریوں کو تفریح کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں گے۔ ایک سوال پر کمشنر نے کہا کہ حیدرآباد ایک پر امن اور بہترین موسم کا حامل شہر ہے جو کہ بین الاقوامی میچوں کیلئے انتہائی سازگار ہے ہم متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ نیاز اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں جو کہ یہاں کہ شہریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے ۔ بعد ازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ بہترین پروگرام کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فواد غفارسومرو نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کیلئے ایسے پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کرائے جائیں گے اور خواہش ہے کہ حیدرآباد کے نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔