پاکستان عالمی کرکٹ رینکنگ میں بادشاہت سے صرف ایک قدم دور

349

 

 

کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2021 میں اپنی شاندار کارکردگی کے بعد ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر اپنا قبضہ مضبوط بنا لیا ۔ پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو پیچھے چھوڑا ہے جس نے اپنی T20 ورلڈ کپ مہم کا آغاز 2شرمناک شکست کے ساتھ کیا ہے۔ میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل پاکستان ٹیم تیسرے نمبر پر تھی جبکہ بھارت عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر تھا۔پاکستان نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز بھارت کو10 وکٹوں سے شرمناک شکست دے کر کیا اور اس کے بعد نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف سنسنی خیز فتوحات کے ساتھ دونوں میچز 5،5 وکٹوں سے جیتے۔ دوسری جانب بھارت اپنے ابتدائی2 مقابلوں میں شکست کھا چکا ہے، پہلے میچ میں اسے پاکستان نے 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دی اور دوسرے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے 8 وکٹوں سے شرمناک مات دی۔بھارت کی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں تاہم اب انھیں اگلے رائونڈ میں جانے کے لیے دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔ انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زبردست آغاز کے بعد دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے طور پر اپنی جگہ برقرار رکھی۔ انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز، بنگلادیش اور روایتی حریف آسٹریلیا کو شکست دی ہے۔دریں اثنا افغانستان بھی اپنے پہلے3 میچوں میں سے2 میچ جیتنے کے بعد ٹیم رینکنگ میں ترقی پاگیا ہے جبکہ میگا ایونٹ میں مایوس کن نتائج کے بعد بنگلا دیش کی 2 درجے تنزلی ہوئی ہے۔