کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید احمد شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے نائب صدر مرزا مقبول اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے خورشید احمد شاہ کو 2 سالہ قید و بند کے بعد ضمانت پر رہائی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل اور نالائق سلیکٹیڈ حکومت نے آنے کے ساتھ ہی اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بنا کر اس کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے لے کر اس کا ایک ایک کارکن سیاسی انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں ۔مجھ سمیت پارٹی کے جن جن رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات نیازی نیب گٹھ جوڑ کے تحت بنائے گئے ہیں ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں اور ہم سرخ رو ہوں گے۔