ووٹ کو عزت نہ دینے سے مشرق پاکستان الگ ہوگیا،احسن اقبال

348
حیدرآباد: لیگی رہنما احسن اقبال سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین قادر مگسی کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاکہ 1970ء کے انتخابات میں مشرقی پاکستان کے ووٹ کو عزت نہ دینے کے باعث ملک کی اکثریتی آبادی الگ ہوگئی ،عمران خان کا نیا پاکستان ایک ڈراؤنا خواب بن گیا ہے ،آئین، جمہوریت پسند قائد اعظم کا پاکستان بچانے کے لیے میدان میں نکلنے کی ضرورت ہے نااہل ، نالائق حکمرانی کے باعث پاکستان سیاسی، معاشی سماجی ، فکری ،سفارتی طور پر انتشار کا شکار ہوچکا ہے۔ 2022ء پاکستان میں نئے انتخابات کا سال ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوںنے حیدرآباد پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ، رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی اور دیگر بھی موجو د تھے ۔ ا نہوںنے مزید کہاکہ آئین اور جمہوریت پر یقین رکھنے والے قائد اعظم کا پاکستان بچانے کیلیے میدان میں نکلیںکیونکہ عمران خان نیا پاکستان کا خواب ایک ڈرائونا خواب ثابت ہوا ہے، ملک مسائل کے گرداب میں پھنس چکا ہے آج پاکستان معاشی، سیاسی، سماجی ، فکری اور سفارتی انتشار کا شکار ہے خدانہ کرے کہ کہیں ملک سیکورٹی انتشار کا شکار نہ ہوجائے ۔انہوںنے 2022ء کو عام انخابات کا سال قرار دیتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن ووٹ کا ووٹ کو عزت کا نعرہ عوامی حکمرانی کا نعرہ ہے 1970ء کے انتخابات میں مشرقی پاکستان کے ووٹ کو عزت نہیں دی گئی جس کے نتیجے میں مشرقی پاکستان ہم سے جدا ہوگیا۔ ووٹ عوام کی طاقت ہے 2018ء کے انتخاب کا ووٹ چوری کیا گیا جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔مہنگائی بے روز گاری، بدحالی بڑھ رہی اور ترقی کی رفتار کم ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبہ ملک کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے ،موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث اس کی رفتار کمزور ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں احسن اقبال نے سندھ ترقی پسندپارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادری مگسی سے بھی ملاقات کی۔