تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے باب المندب کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر کیے گئے حملے کو ناکام بنادیا گیا۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کے روز خلیج عدن کی جانب جانے والے ایک آئل ٹینکر پر بحری قزاقوں نے حملہ کیا۔ خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق واقعہ آئل ٹینکر کے آبنائے باب المندب میں داخل ہونے سے قبل پیش آیا۔ ارنا نے ایرانی فوج کے ذمے داران کے حوالے سے بتایا کہ 4 کشتیوں میں 6 مسلح افراد سوار تھے ۔ انہوں نے ایرانی ٹینکر کے قریب آنے کی کوشش کی،تاہم جہاز پر تعینات پہرے داروں نے ہوائی فائرنگ کر کے قزاقوں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔