لاہور (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پوری طاقت اور جوش کے ساتھ این اے 133کاضمنی الیکشن لڑ رہی ہے،تاریخ میں اتنی نکمی حکومت نہیں آئی جو عوام کا جینا مشکل کر رہی ہے۔یہ ہر مسئلے کو یہ پیچیدہ بنا دیتے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں غیر یقینی ہے، پی ڈی ایم کے لیے دعا گو ہیں،اگر انہیں ہماری بات سمجھ آ جاتی
تو حکومت فارغ ہو چکی ہوتی۔ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔پیپلز پارٹی مہنگائی کیخلاف میدان عمل میں ہے،جان بوجھ کر ایسی پالیسیاں بناتے ہیں جن سے عوام کی مشکلات بڑھیں۔این اے 133کے ووٹرز پیپلز پارٹی کو جتوائیں گے۔ہمارا ن لیگ اور پی ٹی آئی دونوں سے مقابلہ ہے۔راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ بجلی،پانی عوام کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں،عوام کے پاس صرف ایک حل ہے کہ جتنی جلد ان حکمرانوں سے نجات حاصل کر لیں۔تمام کارکن متحرک ہو چکے ہیں۔ناراض ساتھی واپس آ چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کیا کہ پی ڈی ایم کے لیے دعا گو ہیں،اگر انہیں ہماری بات سمجھ آ جاتی تو حکومت فارغ ہو چکی ہوتی پیپلز پارٹی کے پاس صرف پرچی کا راستہ ہے۔