ـ2022ء پاکستان میں نئے انتخابات کا سال ہوگا‘ احسن اقبال

172

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2022ء پاکستان میں نئے انتخابات کا سال ہوگا ، ہماری حکومت نے 32سو ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر لگائے جس میں 32پیسے بھی ہم نے اپنی ذات کے
لیے فائدہ نہیں لیا۔ اس وقت ملک میں یکجہتی کی ضرورت ہے جس کے ذریعے ملک کو آئین کے راستے پر لے جایا جائے۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ بھی یہی ہے کہ پاکستان کو مضبوط کریں۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شاہ محمد شاہ، رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ احسن اقبال نے مزید کہاکہ نواز شریف کا سیاست میں کردار موجود ہے اور جیسے ہی ان کے معالج ان کی صحت یابی کے حوالے سے کلیئرنس دیں گے وہ فوراً پاکستان پہنچ جائیں گے۔ حکومت جس طرح پاکستان کو ڈنڈے اور لاٹھی کے ذریعے دھکیل رہی ہے اس سے بڑا نقصان ہوگا۔جمہوریت کا حسن ہے کہ مختلف جماعتوں میں اختلافات بھی ہوتا ہے ، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے الگ ہوگئی ہے لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ قومی ایشوز پر پارلیمنٹ میں سب مل کر اپنا کردار ادا کریں۔