پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع صوابی میں46 کنال رقبے پر محیط3 ارب84 کروڑ روپے کی لاگت سے وویمن اینڈ چلڈرن اسپتال کا افتتاح کردیا۔2 سے ڈھائی سال تک یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت
تیمور ظفر جھگڑا و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وومن اینڈ چلڈرن اسپتال صوابی میں ماں اور بچے کی صحت کے تمام امراض کا علاج ہوگا، جس کی تعمیر سے صوابی سمیت دیگر اضلاع کے بھی لوگ علاج کرانے آئیں گے۔ اسپتال میں تمام امراض کی تشخیص اور علاج کی سہولیات میسر ہوں گی۔ اسپتال کی مرکزی عمارت بیسمنٹ اور4 فلور ائرکنڈیشن اور آکسیجن نظام کی سہولیات سے لیس ہو گا۔ مرکزی بلڈنگ کے علاوہ نرسوں، پیرامیڈکس اسٹاف اور ڈاکٹروں کو رہائش فراہم کرنے کے لیے ہوسٹلز اور فلیٹ بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ اس جدید اسپتال میں مختلف امراض کے ماہر200 ڈاکٹرز،300 کے قریب پیرا میڈیکس سمیت دیگر اسٹاف کے علاوہ3آپریشن تھیٹر میسر ہوںگے۔5 اسٹوری کے اس اسپتال میں مزید4 اسٹوری تک کا بھی اضافہ کیا جا سکے گا۔