موجودہ حکومت کی تبدیلی نوشتہ دیوار ہے، جاوید ہاشمی

145

جہانیاں (آن لائن) مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان کی توقعات حد سے زیادہ ہیں لیکن اس کی حکومت کی تبدیلی نوشتہ دیوار ہے، مہینہ لگے یا 2 مہینے حکومت تبدیل ہوگی، مہنگائی تمام حدیں پار ہو چکی ہیں، حکومت کی اس تبدیلی میں دیگر عوامل کے ساتھ مہنگائی بھی شامل ہوگی، تبدیلی کے جھکڑ میں فواد چودھری اور شیخ رشید خشک پتوں کی مانند اڑتے پھرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب
عثمان بزدار کے پبلک ریلیشن آفیسر عمران اسلم کے والد محترم سینئر صحافی محمد اسلم وفا کی نماز جنازہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال ہارون الرشید نظامی، مسعود احمد نظامی و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم نے مجھے طاقت مہیا کی، ملتان میں 7 یونیورسٹیاں اور تحصیل جہانیاں کے ہر گائوں میں ہائی اسکول قائم کیے، سینئر صحافی چودھری اسلم وفا مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ان کی وفات تحصیل جہانیاں کی صحافت کیلیے ایک بڑا نقصان ہے۔