لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں جرائم پیشہ افراد بے قابو، ایک ہی روز پانچ الگ الگ وارداتوں میں موٹرسائیکلیں، موبائل فونز، بکریاں، نقدی اور دیگر سامان کی لوٹ مار اور چوری، پولیس تھانوں تک محدود ہوگئی، متاثرین نے موٹرسائیکلیں، موبائل فونز، بکریاں، نقدی اور دیگر سامان واپس کرکے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرکے انصاف کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح میں جرائم پیشہ افراد بے قابو ہوگئے ہیں، لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حدود میں موٹرسائیکل سوار جرائم پیشہ افراد نے دکاندار سنیل کمار سے اسلحے کے زور پر موبائل فون، 60 ہزار روپے نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے، اسی تھانہ کی حدود میں مسلح افراد نے شہری صلاح الدین شیخ سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، تعلقہ تھانہ کی حدود محمود دیرو لاڑی سے تین مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر دیہاتی احمد بخش مغیری سے موٹرسائیکل اور 10 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے، ولید تھانہ کی حدود سے نامعلوم چوروں نے شہری اطہر تونیو کی موٹرسائیکل چوری کرکے فرار ہوگئے، علی گوہر آباد تھانہ کی حدود سے نامعلوم چوروں نے شہری خادم حسین کے گھر کے باہر 6 بکریاں چوری کرکے فرار ہوگئے، دوسری جانب متاثرین نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی ہے کہ موٹرسائیکلیں، موبائل فونز، بکریاں، نقدی اور دیگر سامان واپس کرکے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔