سینٹری مزدور یونین میونسپل کمیٹی نوابشاہ کی ریفرنڈم میں کامیابی

171

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے مرکزی صدر و صوبائی صدر سندھ عبداللطیف نظامانی نے محنت کشوں کیلیے جدوجہد کرنے والی سینیٹری مزدور یونین میونسپل کمیٹی نوابشاہ کو ریفرنڈم میں کامیابی اور سی بی اے منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ملک میں جاری محنت کشوں کیلیے جدوجہد کا ثمر ہے اور اس عظیم الشان کامیابی پر میں اپنی اور کنفیڈریشن کے تمام عہدیداران کی جانب سے سینیٹری مزدور یونین میونسپل کمیٹی نوابشاہ کے سرپرست محمد دین بھٹی ، چیئرمین مجاہد حسین، صدر رمیش کمار ، اور جنرل سیکریٹری چودھری لطیف مومل سمیت دیگر تمام عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتا ہوں کہ جس جذبے اور محنت سے آپ نے یہ عظیم الشان کامیابی حاصل کی ہے اللہ رب العزت آئندہ بھی کامیاب و کامرانی عطا کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک میں جاری مہنگائی اور روز افزاں قیمتوں کے اضافے پر ایک عام آدمی بالخصوص محنت کش سے جینے کا حق چھین لیا ہے لوگ فاقہ کشی ، بھوک و افلاس کا شکار ہیں دو وقت کی روٹی ، روزی کو ترس رہے ہیں ، لہذا جو لوگ آج کے اس پر آشوب دور میں کچلے ہوئے طبقے محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کیلیے برسرے پیکار ہیں وہ اس دور میں جہاد کرنے کے متراد ف ہے جس میں ثابت قدمی سے چلنا اور مخالفین کی بے جا مخالفت باوجود جدوجہد کو جاری رکھنا ہے تب ہی کامیابی آپ کے قدموں کو چومے گی اور آپ کی یونین نے ثابت کردیا کہ وہ محنت کشوں کے مسائل کے حل کیلیے ان کے ساتھ نہ صرف کھڑی ہے بلکہ اپنے عمل ،کردار کی بدولت مسلسل مصروف عمل ہے۔ انہوں نے سینیٹری مزدور یونین میونسپل کمیٹی سی بی اے نوابشاہ کے منتخب نمائندگان کو اپنے مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور لیبر ہال حیدرآباد کے دروازے آپ سمیت تمام محنت کشوں کیلیے ہمہ وقت کھلے ہیں آپ کے جو بھی مسائل ہیں وہ آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے جھنڈے تلے حل کرانے میں آپ کے شانہ بشاہ ہوںگے۔