پولیو کے خاتمے کیلیے تمام ادارے کردار ادا کریں، ڈویزنل کمشنر لاڑکانہ

170

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈویزنل کمشنر لاڑکانہ شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جسے بہر صورت ختم کیا جائے اور یہ تب ممکن ہے جب تمام اداروں کے سربراہان اس سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے مشترکہ طور پر کام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے کیونکہ یہ ایک قومی کاز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پولیو سے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ جبکہ قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور، کندھ کوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ڈبلیو ایچ او، پی پی ایچ آئی، ای پی آئی، یونیسیف، ڈی پی سی آر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، کمشنر نے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے کہ ہم پولیو کا مقابلہ کرکے اس سے نجات حاصل کریں، کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ بچوں کو پولیو کے قطرے ہر صورت میں پلوائے جائیں، اس ضمن میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے جبکہ پولیو ٹیموں کی نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔