زرداری کیخلاف مشکوک ٹرانزکشن ریفرنس پرحکم امتناع جاری

174

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کو ہدایت کی ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس میں 4 نومبر تک کارروائی نہ کی جائے۔ عدالت نے آصف زرداری کی بریت درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب بھی طلب کر لیا ہے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ نے آصف زرداری کے خلاف احتساب عدالت میں جاری 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس میں فرد جرم عاید کرنے کی کارروائی پر تحریری حکم امتناع جاری کر دیا ہے، آصف زرداری نے احتساب عدالت کی جانب سے ان کی بریت
درخواست مسترد کر کے فرد جرم عاید کرنے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ پٹیشنر کے وکیل کے مطابق نیب الزامات درست نہیں اور احتساب عدالت نے بریت کی درخواست مسترد کرکے غلط حکم دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم امتناع کی درخواست منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت کو 4 نومبر تک مزید کارروائی سے روک دیا ہے جبکہ بریت درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے۔