وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد صادق علی میمن نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی کامیابی کی کہانیاں نہ صرف ان کے اپنے ساتھیوں بلکہ عام لوگوں کے لیے بھی حوصلہ افزا ہوتی ہیں۔ ان خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کہانیوں کو ہر سطح پر بیان کیا جانا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں پریم ساگر کی لکھی ہوئی کتاب ‘سول فل جرنی (کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کی کامیابی کی کہانیاں) کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کتاب کے مصنف پریم ساگر اور کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے چیف ایگزیکٹو افسر سینیٹر عبدالحسیب خان نے بھی اپنے تجربات اور احساسات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ صادق علی میمن نے مزید کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کو صحت ، تعلیم، بحالی اور پیشہ ورانہ تربیت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے تاکہ یہ خصوصی افراد باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ان خصوصی افراد کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ناگزیر ہے تاکہ وہ بہتر زندگی گزار سکیں اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی سے خصوصی افراد میں بھیک مانگنے کے رواج کی حوصلہ شکنی بھی ہو گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن نے کہا کہ خصوصی افراد کے حوالے سے سوچ بدلنے کی ضرورت ہے اور ہمیں انہیں معاشرے کا اہم حصہ سمجھنا چاہیے اور انہیں مختلف شعبوں میں سیکھنے کا ماحول فراہم کرنا چاہیے تاکہ وہ پر اعتماد طریقے سے آگے بڑھ سکیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن نے کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے سی ای او سینیٹر عبدالحسیب خان نے انہیں وہاں فراہم کی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی صادق علی میمن نے کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کی کارکردگی کو سراہا۔