سکھر ( نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مہنگائی عروج پر ہے، حکمران کہتے ہیں کچھ نہیں ہے، میڈیا پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں،آج ملک بھر میں میڈیا والے سراپا احتجاج ہیں۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما خورشید شاہ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ آٹا،تیل، گھی، پھل
سبزیاں سب ہی مہنگے ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے لیکن ان سے کچھ بھی کنٹرول نہیں ہورہا ہے،حکومتیں اس طرح تو نہیں چلتی ہیں۔ خورشید شاہ نے کہاکہ میڈیا پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں، وہ بول ٹی وی ہو یا کوئی بھی ادارہ ہو، جو ادارہ حق کی آواز اْٹھاتا ہے اس کو بند کیا جاتا ہے یہ قابل مذمت ہے۔پی پی رہنما خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں احتساب عدالت سکھر میں پیش ہوئے۔