اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو نقصان ملک و قوم کو ہوگا، خورشید شاہ

84

سکھر (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد جاتے ہی اپوزیشن کے اتحاد کے لیے کوششیں کروں گا کیونکہ اگر موجودہ حالات میں اپوزیشن نے اتحاد نہ کیا تو اس کا نقصان ملک وقوم کو ہوگا ۔سکھر احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ حکومت اپنے لیے خود مسائل پیدا کررہی ہے کیونکہ اس حکومت نے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دی جس کا خمیازہ وہ بھگت رہی ہے ،جو بھی پارلیمنٹ سے دور بھاگتاہے اس کا حشر یہی ہوتا ہے، ہمیں تو پتا بھی نہیں کہ کالعدم تنظیم سے اس کا پہلے کیا معاہدہ ہوا تھا اور اب کن نکات پران سے بات چیت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے 3 سال تک اس حکومت کو موقع دیا کہ وہ عوام کے مسائل حل کرے اس وقت ملک میں مہنگائی عروج پر ہے اور ہم الیکشن میں جارہے ہیں تو اگر اس وقت بھی اپوزیشن کچھ نہیں کرتی تو پھر اپوزیشن اور حکومت میں کوئی فرق باقی نہیں رہیگا ۔