ملک پر مسلط حکمران استعمار کے ایجنٹ ہیں، سراج الحق

427

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک پر مسلط حکمران استعمار کے ایجنٹ ہیں، نظام مصطفی کا نفاذ پاکستان کی تقدیر سنوارنے کا واحد ذریعہ ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ اتباعِ رسول میں اسلامیان پاکستان ہی نہیں پوری انسانیت کے لیے بھلائی ہے۔ حضور آئے تو باطل کے اندھیرے چھٹ گئے، ملک میں اسلامی نظام رائج ہو جاتا، تو پاکستان اب تک عظیم فلاحی سلطنت بن چکا ہوتا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمران اسلام بیزار قانون سازی میں مصروف ہیں، قادیانیت کو سہارے دیے جاتے ہیں اور ختم نبوت سے بغض رکھنے والے اہم عہدوں پر تعینات ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ قوم سے کہتا ہوں کہ ظالم کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے، پاکستان مختلف بحرانوں کا شکار ہے، ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا، معیشت سود اور آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے۔ حکمرانوں نے کشکول پکڑا ہوا ہے اور اپنی عیاشیوں کی خاطر پاکستان کے غیور عوام کی توہین کر رہے ہیں، قوم پوچھتی ہے کہ اب تک لیے جانے والے اربوں ڈالرز کے قرضے کہاں گئے؟ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا انھیں حساب دینا پڑے گا۔