معاشی قتل عام برداشت نہیں کرسکتے،بلاول زرداری

357

لاڑکانہ (صباح نیوز)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے عام آدمی کے معاشی قتل کے خلاف آواز اٹھانا ناگزیر ہے،(آج)جمعہ29اکتوبر کو ہم دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ملک میں یہ معاشی قتل عام ہم برداشت نہیں کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزیونین کمیٹی06اولڈ نظر محلے میں پارٹی کے یوسی صدر امیر علی وگن کی رہائش گاہ پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن جمیل سومرو، سید سردار شاہ، ضیا عباس شاہ ودیگرشریک
ہوئے۔بلاول زرداری نے نوید علی کماریو سے ان کے بھتیجے اسرار احمد کماریو اور ڈاکٹر نعمت اللہ وگن سے ان کے صاحبزادے سلیم وگن کے انتقال پر تعزیت کی۔بلاول زرداری کارکنان میں گھل مل گئے اور اپنے حلقہ انتخاب کے مسائل دریافت کیے۔پارٹی چیئرمین کو جیالوں نے ان کے حلقہ انتخاب کے مسائل اور حل کی مختلف تجاویز سے آگاہ کیا۔بلاول نے مسائل کے حل کیلیے متعلقہ افراد کو فوری ہدایت کی ۔انہوںنے کہا کہ ملک میں عام آدمی کے معاشی قتل کیخلاف آواز اٹھانا ناگزیر ہے،(آج) جمعہ 29 اکتوبر کو ہم دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ ملک میں یہ معاشی قتل عام ہم برداشت نہیں کریں گے، ہمارا احتجاج دراصل اس بات کا بھی اظہار ہوگا کہ ملک کو عوام دوست معاشی پالیسیاں چاہییں،ہم سب مل کر عوامی طاقت سے ملک کی قسمت بدلیں گے۔