سکھر (نمائندہ جسارت) سکھرمیں جے یوآئی کا مہنگائی کے خلاف روہڑی تا سکھر مہنگائی نامنظور لانگ مارچ،سیکڑوں کارکنان کی شرکت ،جڑواں شہروں کی سڑکوں پر تبدیلی سرکار کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی ،گھنٹہ گھر پہنچ کر لانگ مارچ جلسے میں تبدیل ،عوام کا سونامی جلد حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا،رہنماؤں کا جلسہ عام سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام و پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف روہڑی تا سکھر مہنگائی نامنظور لانگ مارچ نکالا گیا جس میں ضلع بھر سے جے یوآئی کے کارکنوں سمیت سکھر کے سماجی ،تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان و شہریوں نے شرکت کی۔ مہنگائی نامنظور لانگ مارچ کی قیادت جے یوآئی سکھر ضلع کے امیر مولاناسائیں عبدالقیوم ہالیجوی و سیکرٹری جنرل مولانا محمد صالح انڈھڑ کررہے تھے جبکہ دیگر قیادت میں جے یوآئی کے صوبائی رہنما مفتی سعود افضل ہالیجوی،مولانا محمد شفیع انڈھڑ ،مولانا عبدالکریم عباسی، مولانا عبدالحمید مہر،مولانا زبیر احمد مہر،حافظ غلام محمد کندھر،قاری لیاقت علی مغل ،مولانا عبداللہ مہاجر مکی،مولانا غلام اللہ ھالیجوی، مولانا امان اللہ سکھروی قاری ابو اسامہ ،عبدالمنان سمیجو سمیت دیگر رہنمائوں نے کی۔ مہنگائی نامنظور لانگ مارچ میں شامل کارکنان موٹر سائیکلوں ،کاروں اور دیگر گاڑیوں پرسوار تھے روہڑی تا سکھر گھنٹہ گھر پہنچنے تک جے یوآئی کارکنان تبدیلی سرکار کے خلاف فلک شگاف نعرے بازی کرتے رہے گھنٹہ گھر پر پہنچ کرمہنگائی نامنظور لانگ مارچ جلسے میں تبدیل ہوگیا جس سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی رہنما مولاناسائیں عبدالقیوم ہالیجوی ،مولانا محمد صالح انڈھڑ و دیگر رہنمائوں نے کہا کہ عوام تبدیلی سرکار کی ناقص پالیسیوں کے باعث سڑکوں پر آچکی ہے نااہل حکمران مستعفی ہوکرازخود گھر چلے جائیں اور ملک میں نئے صاف اور شفاف انتخابات کرائیں بصورت عوام کا یہ بپھرتا ہوا سونامی حکمرانوں کو بہا کر لے جائیگا۔ مذکورہ رہنماؤں و علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکمرانوں نے عوام پر ان کی زندگی اجیرن کردی ہے ان کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے لوگ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث اپنے بچے تک فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اب بہت ہوچکا بات عوام کی برداشت سے باہر ہوچکی ہے اس لیے حکمران عزت سے اپنے گھروں کا راستہ لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں جے یوآئی کے کارکنان اپنے قائد مولانا فضل الرحمن کے ہر حکم پرلبیک کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر قائد جمیعت نے حکم دیا تو اسلام آباد کی طرف بھی لانگ مارچ ہوسکتا ہے جے یو آئی عوام کے حقوق حاصلات کیلیے اپنی جاری جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور نااہل سلیکٹڈ حکومت سے اس ملک کو آزاد کراکے ہی دم لے گی۔