موت کی یاد

439

یہ ایک مسلّم حقیقت ہے کہ اس دارِفانی میں انسان کی زندگی بہت مختصر اور اس کے مال واسباب سے لطف اندوزی محض ایک مقررہ مدت تک کے لیے ہے۔ اسے ایک نہ ایک دن موت سے دوچار ہونا، یعنی اس دنیا سے رخصت ہونا ہے۔ اللہ رب العزت نے اولین انسان سیدنا آدم و حواؑ کو زمین پر اتارتے ہی یہ اٹل حقیقت ان کے سامنے واضح کردی تھی اور گویا ان کے واسطے سے پوری بنی نوع انسان کو اس سے با خبر کر دیا تھا۔ ارشادِ الٰہی ہے:
’’اور تمھارے لیے زمین میں ٹھکانا اور (یہاں کے) متاع سے نفع اٹھانا ہے ایک خاص مدت تک کے لیے‘‘۔ ( البقرہ: 36)
صاحبِ معارف القرآن نے اس آیت کی تشریح میں یہ رقم فرمایا ہے: ’’یعنی آدم و حوّا علیہما السلام کو یہ بھی ارشاد ہوا کہ تم کو زمین پر کچھ عرصہ ٹھہرنا ہے اور ایک میعاد معین تک کام چلانا ہے، یعنی زمین پر جاکر دوام نہ ملے گا، کچھ مدت کے بعد یہ گھر چھوڑنا ہوگا‘‘۔
اس مسلّمہ حقیقت پر روزمرہ کی واقعاتی شہادتوں کے علاوہ یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ موت کا آنا اس قدر یقینی ہے کہ قرآن نے اسے ’الیقین‘ سے تعبیر کیا ہے۔ ارشاد ربّانی ہے: ’’اور امر یقینی (یعنی موت) کے آنے تک اپنے رب کی بندگی کرتے رہو‘‘۔ (الحجر: 99)
یہ بھی ایک واقعہ ہے کہ انسان کو روزانہ نیند کی صورت میں موت یاد دلائی جاتی ہے۔ رات میں سونے کو اس پہلو سے موت سے تعبیر کیا جاتا ہے کہ اس حالت میں اللہ رب العزت کے حکم سے انسان کے ہوش و حواس، فہم و ادراک عارضی طور پر معطل کر دیے جاتے ہیں اور ظاہری طور پر اس پر موت طاری کردی جاتی ہے۔ غالباً اسی وجہ سے بعض علما نے نیند کے لیے ’وفاتِ صغریٰ‘ اور موت کے لیے ’وفاتِ کبریٰ‘ کی اصطلاح استعمال کی ہے۔ اس باب میں سب سے اہم رہنمائی قرآن کریم سے ملتی ہے جس میں نیند اور موت کے تعلق کو اور روزانہ موت کی یادہانی کو اس طور پر بیان کیا گیا ہے:
’’اللہ ہی وفات دیتا ہے جانوں کو ان کی موت کے وقت اور جن کی موت نہیں آئی ہوتی ہے ان کو بھی ان کی نیند کی حالت میں، تو جن کی موت کا فیصلہ کر چکا ہو تا ہے ا ن کو تو روک لیتا ہے اور دوسروں کو ایک وقت ِ مقرر تک کے لیے رہائی دے دیتا ہے۔ بے شک اس کے اندر بڑی نشانی ہے ان لوگوں کے لیے جو غور کرتے ہیں‘‘۔ (الزمر: 42)
صاحبِ تفہیم القرآن اس آیت کے قیمتی نکات کی توضیح کرتے ہوئے رقم طراز ہیں:
’’اس ارشاد سے اللہ تعالیٰ ہر انسان کو یہ احساس دلانا چاہتا ہے کہ موت اور زیست کس طرح اس کے دستِ قدرت میں ہے۔ کوئی شخص یہ ضمانت نہیں رکھتا کہ رات کو جب وہ سوئے گا تو صبح کو لازماً زندہ ہی اٹھے گا۔کسی کو بھی یہ معلوم نہیں کہ اس پر کیا آفت آسکتی ہے اور دوسرا لمحہ اس پر زندگی کا ہوتا ہے یا موت کا۔ ہر وقت سوتے میں یا جاگتے میں، گھر بیٹھے یا کہیں چلتے پھرتے آدمی کے جسم کے اندر کوئی اندرونی خرابی یا باہر سے کوئی نامعلوم آفت یکایک وہ شکل اختیار کرسکتی ہے جو اس کے لیے پیامِ موت ثابت ہو‘‘۔
مزید برآں مولانا مفتی محمد شفیعؒ نے اس آیت کی

جو مختصر تشریح فرمائی ہے وہ بھی قابلِ ذکر ہے:
’’اس آیت میں حق تعالیٰ نے یہ بتلایا ہے کہ جان داروں کی اَرواح ہر حال، ہر وقت اللہ تعالیٰ کے زیرِتصرف ہیں۔ وہ جب چاہے ان کو قبض کرسکتا ہے اور واپس لے سکتا ہے اور اس تصرفِ خداوندی کا ایک مظاہرہ تو ہر جان دار روزانہ دیکھتا اور محسوس کرتا ہے کہ نیند کے وقت اس کی روح ایک حیثیت سے قبض ہو جاتی ہے، پھر بیداری کے بعد واپس مل جاتی ہے، اور آخر کار ایک وقت ایسا بھی آئے گا کہ بالکل قبض ہوجائے گی، پھر واپس نہ ملے گی‘‘۔
حقیقت یہ کہ موت کسی کی بھی ہو وہ باعث عبرت و سبق آموز ہوتی ہے۔ اسے یاد کرکے سب سے پہلا سبق جو ملتا ہے اور سب سے پہلی یاد دہانی جو ہوتی ہے وہ یہ ہے:
موت سے کس کو رستگاری ہے
آج وہ کل ہماری باری ہے
موت کی یاد میں حکمت
موت کی یاد دنیوی زندگی کے عارضی و فانی ہونے کے علاوہ ایک دو نہیں، بہت سے دیگر حقائق کی یاد دہانی کا ذریعہ بنتی ہے، بعد کے مراحل یاد دلاتی ہے اور نہایت قیمتی اسباق ساتھ لاتی ہے۔ قرآن کریم و حدیث دونوں میں یہ حقائق انسان کی عبرت کے لیے بڑی تفصیل سے واضح کیے گئے ہیں۔ قرآن کی نظر میں موت کو یاد کرنا کس قدر اہم ہے، اس کا ایک واضح ثبوت یہ ہے کہ صرف لفظ ’موت‘ 50 سے زائد آیات میں مذکور ہے اور اس سے ماخوذ یا اس پر مبنی الفاظ (افعال و اسما) اس کے علاوہ ہیں جو سیکڑوں بار قرآن میں آئے ہیں۔ یہاں اس نکتے کی طرف توجہ دلانا ضروری معلوم ہوتا ہے کہ قرآن میں موت کے ذکر کے ساتھ ا س کے بعد کے مراحل بھی یاد دلائے گئے ہیں۔ ان میں اہم ترین و قابلِ تذکیر یہ ہیں: بعث بعد الموت، اللہ رب العزت کے حضور حاضری، اعمال کے بارے میں باز پرس، نتیجہ یا اعمال نامہ کا ہاتھ میں آنا اور اسی کے مطابق جزا کا نصیب ہونا یا سزا سے دوچار ہونا۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ’’ہر شخص کو ایک نہ ایک دن موت کا مزا چکھنا ہے‘‘۔ ارشاد ِالٰہی ہے:
’’ہر شخص کو موت کا مزا چکھنا ہے اور یقین [کرلو کہ] تم سب یومِ قیامت پورا پورا اجر پائو گے، پس جوشخص جہنم کی آگ سے بچالیا گیا اور جنت میں داخل کیا گیا وہ در اصل کامیاب ہوا‘‘۔ (اٰل عمران: 185)
’’ہر شخص کو موت سے دوچار ہونا ہے اور ہم تم کو برے و اچھے حالات سے آزماتے ہیں، آخر کار ہمارے ہی پاس تم سب کو لوٹ کر آنا ہے‘‘۔ (الانبیا: 35)
’’ہر شخص کو موت کا مزا چکھنا ہے، پھر تم سب ہماری طرف لوٹائے جائو گے، اور جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنھوں نے نیک عمل کیے ان کو ہم جنت کی بلند و بالا عمارت میں رکھیں گے جن کے نیچے نہریں جاری ہوںگی، اس میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ کیا ہی عمدہ اجر ہے [نیک] عمل کرنے والوں کے لیے‘‘۔ (العنکبوت: 57-58)
اسی ضمن میں یہ آیت بھی پیشِ نظر رہے:
’’ان سے کہہ دو! جس موت سے تم بھاگتے ہو وہ تمھارے پاس آکر رہے گی، پھر تم اس (اللہ) کی طرف پلٹائے جائو گے جو پوشیدہ و ظاہر سب کچھ جاننے والا ہے، پس وہ تمھیں بتائے گا [اس چیز کے بارے میں] جو کچھ [دنیا میں] کرتے رہے ہو‘‘۔ (الجمعہ: 8)
یہ اور اس نوع کی دوسری آیات (بالخصوص آخری پارے کی سورتوں میں مذکور آیات) پر غور وفکر سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ انسان کو بار بار صرف موت نہیں یاد دلائی گئی ہے، بلکہ یہ نکات بھی ذہن نشیں کرائے گئے ہیں کہ دنیا کی چند روزہ زندگی میں وہ ہر لمحہ امتحان سے گزر رہا ہے، اسے ہرحال میں موت سے دوچار ہونا ہے، اور پھر اسے دوبارہ زندہ کر کے اللہ رب العزت کے سامنے حاضر کیا جائے گا اور اسی کے مطابق اس کی کامیابی و ناکامی کا فیصلہ ہوگا۔ پہلی صورت میں اسے سکون و آرام بھرا گھر (جنت) نصیب ہوگا اور دوسری صورت میں اس کا ٹھکانا (جہنّم) نہایت تکلیف دہ اور بْرا ہوگا۔ اسی ضمن میں یہ ذکر بھی اہمیت سے خالی نہ ہوگا کہ شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ نے مضامین کے اعتبار سے قرآن کے اساسی علوم کو پانچ حصوں میں تقسیم کیا ہے اور ان میں سے ایک کو ’علم تذکیر بالموت و ما بعد الموت‘ کے نام سے موسوم کیا ہے۔ شاہ ولی اللہ کی یہ وضاحت بھی بڑی اہمیت رکھتی ہے کہ قرآن مجید کے نزول کا مقصد در اصل یہی علومِ پنجگانہ ہے۔ اب یہ واعظین و مذکّرین کا فریضہ ہے کہ وہ ان کی تفصیلات کو محفوظ رکھیں اور متعلقہ احادیث و آثار کے حوالے سے ان سے لوگوں کے لیے استفادے کو آسان بنائیں۔
موت ا ور متعلقہ امور کے بارے میں وارد قرآنی اایات کے مطالعے سے یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ مو ت اور بعد کے احوال ( اللہ رب العزت کے سامنے حاضری، حساب و کتاب سے گزرنا اور عقیدہ واعمال کے مطابق جزا یا سزا کے قانونِ الٰہی کا جاری ہونا) کی یاد تازہ کرنے سے اصلاً مقصود یہ ہے کہ یقینی طور پر پیش آنے والے ان واقعات کو یاد کر تے ہوئے لوگوں کے قلوب خشیت و انابت الی اللہ کی کیفیت سے معمور ہوجائیں، انھیں اصلاحِ احوال کی فکر دامن گیر ہوجائے، وہ اللہ ربّ العزّت کی عبادت اور نیک اعمال میں اپنے کو سرگرم رکھیں، گناہوں کی طرف بڑھتے ہوئے ان کے قدم رک جائیں اور وہ نیکیوں کی طرف تیز قدم بڑھانے والے بن جائیں، یعنی خوش گوار، پْر سکون اور نعمتوں سے معمور مستقر و مسکن کی طلب میں وہ سرگرداں رہیں۔
یہاں اس جانب توجہ دلانا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ موت اور بعد کے مراحل کو بار بار (اور بعض مقامات پر نہایت تفصیل سے) ذکر کرکے قرآن در اصل انسانوں کے ذہن میں یہ قیمتی نکتہ (جس کی طرف عام طور پر انسان کا ذہن بہت کم جاتا ہے) نقش کرنا چاہتا ہے کہ ’موت‘ زندگی کا خاتمہ نہیں، بلکہ دنیوی زندگی کا خاتمہ ہے اور اسی کے ساتھ ایک دوسری زندگی کا آغاز ہوتا ہے جو ہمیشہ ہمیشہ باقی رہنے والی ہے یعنی جسے فنا نہیں ہے۔ ممتاز اسلامی مفکر و نامور شاعر علامہ اقبال (جن کی شاعری میں جا بجا قرآنی افکار و تعلیمات کی ترجمانی ملتی ہے) کے اس شعر میں اس حقیقت کی ترجمانی نہایت موثر انداز میں ملتی ہے ؎
موت کو سمجھے ہیں غافل اختتامِ زندگی
ہے یہ شامِ زندگی صبحِ دوام زندگی