تاجر برادری کا چمن بارڈر کو فوری طور پر فعال کرنے کامطالبہ

160

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چمن بارڈر کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو برآمدات بحال کی جا سکیں۔انہو ں نے مزید کہا کہ چمن بارڈر ایک ماہ سے زائد عرصے سے بند ہے جبکہ طورخم بارڈر کے ذریعے تجا رتی سر گرمیاں جاری ہیں۔میاں ناصر حیات مگوں نے وضاحت کی کہ پاکستان میں ایس ایم ایز پہلے ہی مختلف چیلینجز سے نبردآزما ہیں جیسا کہ کورونا ، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، خطے میں عدم استحکام، پیٹر ولیم مصنوعات اور لاجسٹکس کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور ٹیکسیشن حکام کی بے جا مداخلت کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کم سے کم یہ کر سکتی ہے کہ تاجروں کو ان معاملات میں سہولت فراہم کی جائے جہاں یہ زیادہ کوشش کے بغیر ممکن ہو۔میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں سرحدی تجارت کا کل تجا رت میں 70 فیصد یا اس سے بھی زیادہ حصہ ہے۔ لیکن بدقسمتی سے سرحدی تجارت کے لیے پاکستان میں ہمیشہ حکومتی حمایت اور سہولیات کا فقدان رہا ہے۔