اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے لیے ہمسایہ ممالک کا ایک منظم پیغام ضروری ہے‘ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے‘ عالمی برادری افغان شہریوں کو درپیش معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے‘ پاکستان افغانستان کو تجارتی و سرحدی نقل و حرکت میں سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو تہران میں ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کے دوران کہی۔ افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق اور ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل تائید اور حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان تمام ہمسایہ ممالک کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے شروع کیے گئے علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل کے اقدام کو سراہتے ہوئے ایران کی میزبانی میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔