سکھر ،گیس پریشر میں کمی،شہریوں کا چولہے اٹھاکر احتجاج

149

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھرمیںسوئی گیس کی قلت پر شہریوں کا چولہے اٹھا کر سوئی سدرن گیس کے دفتر کے باہر احتجاج ،نعرے بازی ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ سکھر میں بلاجواز سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے ، سکھر شہر اور گردونواح میں سوئی گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف شہریوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز سکھر کے مختلف علاقوں مائیکرو کالونی ،قریشی گوٹھ ،بھوسہ لائن ،نیو پنڈ و دیگر شہری علاقوں کے مکینوں نے سکھر شہری اتحاد ضلع سکھر کے رہنماؤں مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد ،فضل الرحمن، گلشیر و دیگر کی قیادت میں سوئی سدرن گیس کمپنی سکھر کے ہیڈ آفس کے باہر ہاتھوں میں سبزیاں وچولہا رکھ کر سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ سکھر شہر میں چوبیس گھنٹے میں صرف دو گھنٹے سوئی گیس دی جارہی ہے ، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ نے جینا محال کردیا ہے اسکول اور دفاتر بھوکے جانا پڑتا ہے۔ شہریوں کے احتجاج کے باوجود سوئی گیس حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے شکایت پر آر ایم او سوئی گیس کمپنی سکھر عزیز ابڑو شہریوں کو تنگ و حراساں کررہے ہیں جو سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔مظاہرین نے بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ سکھر میں بلاجواز سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے اور صارفین کو گیس کے حوالے سے درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔