ضلع شہید بینظیر آباد میں خسرہ بچائو مہم میں والدین ساتھ دیں،عامر حسین

392

نواب شاہ (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور نے کہا ہے کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں خسرہ سے بچاؤ کی 12 روزہ ویکسی نیشن مہم 15 نومبر سے شروع ہورہی ہے جس کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ محکموں اور والدین کا تعاون انتہائی ضروری ہے تاکہ ضلع میں خسرہ کی وجہ سے بچوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کو کم کیا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج دربارہال میں خسرہ روبیلا ویکسی نیشن مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے خسرہ کے خلاف شروع ہونے والی ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے اور محکمہ صحت کی مدد کے لیے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں پولیو سمیت صحت کی دیگر مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کی گئی کوششوں اور جذبے کے تحت اس مہم کو بھی کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنا کام ایمانداری سے سرانجام دیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی کول چین کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامات کوبھی یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں خسرہ روبیلا سے بچاؤ کی 12 روزہ ویکسی نیشن مہم 15 سے 27 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے مہم کے دوران ضلع کے 9 ماہ سے 15سال عمر تک کے 6 لاکھ 89 ہزار 188 بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی جبکہ 3 لاکھ 416 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے انہوں نے مزید بتایا کہ ویکسی نیشن مہم کے دوران مقرر کردہ ٹیمیں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں جاکر بچوں کی ویکسی نیشن کریں گی جبکہ ضلع کے تمام صحت مراکز سمیت مختلف علاقوں میں کیمپس قائم کرکے بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی جس کے لیے مائکرو پلان سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جارہے ہیں۔ اجلاس میں ایم ایس پی ایم سی اسپتال ڈاکٹر عبدالرزاق میمن،ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی مظہر علی ویسر، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ ڈاہری،ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالستار راٹھوڑ،ڈی ایس پی پولیس پیارو خان جمالی، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ریاض احمد شر،ڈاکٹر آمینہ بروہی سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور میڈیکل افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے قبل روٹری انٹرنیشنل کلب کے گورنر سید تہذیب الحسن کاظمی ، صدر میر محمد سیال اور سیکرٹری صدرالدین میمن نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے پولیو ورکرو ں کے لیے حفاظتی سامان ڈپٹی کمشنر اور محکمہ صحت کے افسران کے حوالے کیا اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کلب کے گورنر سید تہذیب الحسن کاظمی نے کہا کہ ضلع شہید بینظیرآباد سمیت ملک میں پولیو کے خلاف مؤثر مہم کی وجہ سے پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں پولیو کے خلاف کام کرنے والے ورکرز قوم کے ہیروز ہیں اور ان کی حفاظت و حوصلہ افزائی کے لیے روٹری انٹرنیشنل کی جانب سے بھرپور تعان فراہم کیا جارہا ہے۔