آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں،شہباز شریف

201

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت اور قومی سلامتی کے تصور کے لیے خطرناک ہے‘ تاریخ گواہ ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے‘ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے عوام کنگال ہو رہے ہیں اور حکومت کو عوام کی حالت زار کا کوئی احساس نہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم نہیں ہوا تو پھر کیا طے پایا ہے، پارلیمنٹ کو بتایا جائے ،آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والی شرائط اور مذاکرات کی تفصیلات پارلیمنٹ سے چھپانا بتا رہا ہے کہ دال کالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی بے قابو ہوچکی ہے‘ مہنگائی کی طرح ڈالر میں مسلسل اضافے پر حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ‘حکومت ڈالر اور مہنگائی میں اضافے پر دانستہ خاموش ہے جو آئی ایم ایف سے درپردہ سمجھوتے کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کا نتیجہ قوم مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی کی صورت میںبھگت رہی ہے، یہ ظلم بند کرنا ہوگا‘ ڈالر کی مسلسل پرواز اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت معاشی محاذ میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے‘ معاشی تباہی، مہنگائی اور معاشی افراتفری پاکستان کی قومی سلامتی کے تقاضوں کیلیے نیک فال نہیں۔